صنعتکاروں‘کاروباری شخصیات سے ملاقات توانائی کی لاگت میں کمی کرینگےشہبازشریف
حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری کیلئے مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں:ملاقات میں گفتگو
حکومت اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے:شہبازشریف‘پولیس کیلئے50الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وزیرداخلہ کے حوالے کردیں
اسلام آباد ( آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ایک سال میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، برآمدات پر مبنی معاشی ترقی ترجیح ہے۔شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ملک کے ممتاز صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کیا۔وزیراعظم نے کہا انفورسمنٹ کے ذریعے ایک سال میں 800 ارب روپے ریکور کیے، برآمدات میں اضافے کے لئے تمام چیلنجز پر قابو پائیں گے۔ بجٹ سے پہلے بھی صنعتکاروں سے مشاورت کی گئی، مشکل حالات کے باوجود بنیادی اصلاحات کی گئیں۔انہوں نے کہا توانائی کی لاگت میں کمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم نے حال ہی میں قائم کیے گئے ٹریڈ فیسیلیٹیشن بورڈ کو تجارت کے فروغ کے لیے مضبوط اور مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری برادری سے بورڈ کے دائرہ کار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز طلب کیں۔ان کا کہنا تھا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ غیر ضروری ریگولیٹری بوجھ کم کرنے کے لیے ریگولیٹری گلّوٹین پر کام جاری ہے، جس کا مقصد قواعد و ضوابط کو آسان، کمپلائنس لاگت کو کم اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید سہل بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ ایف بی آر نے گزشتہ مالی سال انفورسمنٹ کے ذریعے 800 ارب روپے اکٹھے کیے۔ وزیراعظم نے کہا حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں سے ملک کے میکرو اکنامک حالات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے، تاہم مائیکرو اکنامک سطح پر بہتری کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے صنعت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنا ضروری ہے۔وزیراعظم نے کاروباری برادری کے مسائل کے فوری اور دیرپا حل کے لیے متعلقہ حکام کو اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔دریں اثناء اسلام آباد پولیس کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے الیکٹرک گاڑیوںکی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے حوالے کیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پرکہا شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت اسلام آباد پولیس کو جدید پولیسنگ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، سازوسامان اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا جا رہا ہے۔