آلو کی بہتر پیداوار کیلئے ہالینْ کی شراکت داری انقلاب برپا کر سکتی ہے،ڈچ کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور حوصلہ افزائی ہے:سفیر سے ملاقات میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز سے نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے ملاقات کی۔ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، اعلی تعلیمی اداروں، ٹیکنیکل ٹریننگ، واٹر مینجمنٹ، تعلیم اور تحقیق میں ڈچ تعاون بڑھانے پر اتفاق اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔وزیرِ اعلی مریم نواز نے نیدرلینڈز کے سفیر کی حالیہ تعیناتی پر نیک تمنائو ں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ڈچ یونیورسٹیوں کے ساتھ مضبوط روابط اور مشترکہ تحقیقی پروگراموں کو فروغ دینا چاہتے ہیں، آلو کی بہتر پیداوار کے لیے نیدرلینڈز کی شراکت داری انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ ڈچ کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور حوصلہ افزائی ہے، پاکستان اور نیدرلینڈز کے باہمی تعلقات مشترکہ ترقیاتی اہداف پر مبنی ہیں، پاکستان اور نیدر لینڈ کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ پنجاب سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔