غزہ پورٹ پر حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے دوران ایک فلسطینی خاتون نے مزاحمت کاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان پر پھول نچھاور کیے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مقامی صحافی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ خاتون شہید کے والدین کی جانب سے القسام بریگیڈ کے مزاحمت کاروں کو سیلیوٹ اور پھول نچھاور کرنے کی یہ منظر غزہ پورٹ پر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے وقت کا ہے۔اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کے چوتھے مرحلے میں، حماس نے 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا، جس کے جواب میں 183 فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے آزاد کیا گیا۔ حماس نے خان یونس میں 2 اسرائیلی یرغمالیوں اوفر کالدرون اور یارڈن بیباس کو ریڈ کراس کے حوالے کیا، جبکہ تیسرے یرغمالی کیتھ سیگل کو بھی ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے یرغمالیوں کی رہائی کی تصدیق کی، جس کے بعد اسرائیل 183 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے 1,900 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات پیر کو شروع ہوں گے، جن میں مزید یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔