غزہ میں جنگ بندی کے بعد اسرائیلی آباد کاروں نے اسرائیلی فورسز کے ساتھ مل کر مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ کے مشرق میں واقع دو فلسطینی دیہات پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔
اسرائیلی آباد کاروں نے فلسطینی عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس پر فلسطینیوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلسطین میں اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے امریکا میں نئے صدر کی حلف برداری کے اگلے دن سے مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں اور فورسز کی جانب سے جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کیا۔اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کے دفتر نے فلسطینی دیہات میں ایک نوجوان کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کی یہ کارروائیاں فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں، جس پر ادارے کو گہری تشویش ہے۔