نوجوان اداکار اور ماڈل ضرار خان نے شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کا راز ماہرہ خان کی تعریف اور پیشکش میں چھپایا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ضرار نے انکشاف کیا کہ ان کا شوبز کیریئر اس وقت شروع ہوا جب ماہرہ خان نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں کام کی پیش کش کی۔ضرار خان نے بتایا کہ وہ ایک اشتہار میں کام کرنے کے بعد ماہرہ خان کے ساتھ فلم میں مختصر کردار میں نظر آئے، اور اس کے بعد انہیں ماہرہ خان کی اسپورٹس سیریز "بارہواں کھلاڑی" میں کام کا موقع ملا، جو ان کے کیریئر کا سنگ میل ثابت ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ "نیلوفر" فلم کا بھی حصہ ہیں، لیکن اس کی ریلیز کی تاریخ کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں ہیں۔ اب تک ضرار خان نے نصف درجن سے زائد ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کیا ہے اور حالیہ دنوں میں ان کا کردار "میم سے محبت" میں پسند کیا جا رہا ہے، جو ان کی شہرت کا باعث بن رہا ہے۔