ماہرہ خان کا بالی ووڈ میں کام سے متعلق واضح مؤقف: "ہمیں اپنی انڈسٹری پر توجہ دینی چاہیے"

ماہرہ خان کا بالی ووڈ میں کام سے متعلق واضح مؤقف:

پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکارہ ماہرہ خان نے بالی ووڈ میں مستقبل میں کام کرنے کے سوال پر محتاط مگر واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی فلم انڈسٹری کی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔

ماہرہ خان ان دنوں اپنی نئی فلم "لو گرو" کی تشہیر کے سلسلے میں اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ امریکہ میں موجود ہیں۔ وہاں ایک فین میٹ اینڈ گریٹ سیشن کے دوران ان سے جب سوال کیا گیا کہ آیا وہ دوبارہ بالی ووڈ میں کام کرنا چاہیں گی، تو اداکارہ نے جواب دیا:"میں کینسل کلچر یا بائیکاٹ کے حق میں نہیں ہوں، لیکن موجودہ حالات کی وجہ سے جب ملک کی بات آتی ہے تو جذباتی ردعمل عام ہو جاتا ہے۔ ہمیں اپنی انڈسٹری پر توجہ دینی چاہیے اور خود میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، کیونکہ آخرکار ہمارا ملک ہی ہماری محفوظ جگہ ہے۔"ماہرہ خان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، اور صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض مداحوں نے ان کے بیان کو حقیقت پسندانہ اور حب الوطنی پر مبنی قرار دیا، جبکہ بعض نے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں دوبارہ موقع ملا تو وہ شاید پھر سے بھارتی فلم انڈسٹری کا رخ کریں گی۔

ماہرہ خان ماضی میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم "رئیس" میں کام کر چکی ہیں، اور یہ ان کا بالی ووڈ میں پہلا اور واحد پروجیکٹ تھا، جس کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں پابندی عائد کر دی گئی تھی۔اداکارہ کے اس بیان نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ فن، سیاست اور حب الوطنی کے درمیان توازن کیسے قائم رکھا جائے؟