فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو نیشنل ایجنڈے پر بات چیت کی دعوت دی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کو جلد ختم کرنے پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں اور بشری بی بی کو پیش نہیں ہونے دیا گیا، جبکہ عدالت کے اندر بھگدڑ مچ گئی تھی اور پولیس اہلکار بھاگ گئے تھے۔فیصل چوہدری نے الزام عائد کیا کہ نادیدہ قوتوں نے سماعت کو سبوتاژ کیا اور بشری بی بی کے خلاف درج مقدمات میں تفتیش نہیں ہونے دی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 300 سے زائد کارکنوں کی ضمانت ہونے کے باوجود انہیں دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا۔ فیصل چوہدری نے کہا کہ ملک میں آئین معطل ہے اور بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستیں دی جانی چاہئیں اور بدقسمتی سے پاکستان میں انتخابات میں فراڈ کرکے اپوزیشن کو ان نشستوں سے محروم رکھا گیا ہے۔