امیگریشن ڈیپارچر کائونٹر کی تعداد 10سے 64، ، سکیورٹی چیک 4سے 8، چیکنگ کائونٹر ز25 سے 67، امیگریشن ارائیول کائونٹرز 18سے بڑھ کر 80 ہو جائیں گے
نئے ٹرمینل کی بلڈنگ پر کام تیزی سے جاری، ستمبر 2026میں مکمل ہو جائیگا، اندرون اور بیرون ملک جانے والوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی، پراجیکٹ ڈائریکٹر توقیر اقبال
لاہور(عدنان ملک سے)علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے ہزاروں لاکھوں مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری‘اب نہ قطار نہ انتظار نہ سامان گم ہونے کا خطرہ‘نئے ٹرمینل کے بننے سے اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والوں کو مزید سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سالانہ 50 سے 55 لاکھ مسافر بیرون ملک اور اندرون ملک سفر کرتے ہیں۔ لاہور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 48 سے 55 پروازیں روانہ ہوتی ہیں جن کے ذریعے ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق برطانیہ اور یورپ پر پابندی ہٹنے سے بھی فلائٹوں کی تعداد بڑھ جائے گی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر توقیر اقبال کے مطابق یہ پراجیکٹ ستمبر 2026 میں مکمل ہو جائے گا، پراجیکٹ مکمل ہونے سے امیگریشن ڈیپارچر کاؤنٹر کی تعداد 10 سے بڑھ کر 64 ، سکیورٹی چیک چار سے بڑھ کر آٹھ، چیکنگ کاؤنٹر 25 سے بڑھ کر 67 جبکہ امیگریشن ارائیول کاؤنٹر 18 سے بڑھ کر 80 ہو جائیں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق پرانی بلڈنگ کو بین الاقوامی مسافروں کے لیے مختص کردیا جائیگا، نیا ٹرمینل بنے گا جبکہ دو سے تین کائونٹرز انٹرنیشنل ڈیپارچر اورارائیول کے بھی ہوں گے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نئی ٹرمینل بلڈنگ 15 سے 20 سال کی کپیسٹی کو سامنے رکھ کر بنائی گئی ہے۔ نئی بلڈنگ سے نہ صرف امیگریشن بل کہ دیگر مسائل بھی حل ہوں گے، خاص طور پر حج اور عمرہ زائرین کے لیے بھی کافی سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں ۔امیگریشن ارائیول اور امیگریشن ڈیپارچر لائونج میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔