متاثرہ خاتون گلبرگ سے گھر جانے کے لیے رکشے میں سوار ہوئی تھیں
لاہور (کرائم رپورٹر)لیاقت آباد کے علاقے میں خاتون کو ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنزکی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے پر ایس پی ماڈل ٹائون شہربانو نقوی نے فوری طور پر خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے ملزم تک رسائی حاصل کی۔اے ایس پی ماڈل ٹائون کشمالہ فاروق کے مطابق متاثرہ خاتون گلبرگ سے گھر جانے کے لیے رکشے میں سوار ہوئی تھیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون رکشے میں بیٹھی ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق پھاٹکی کے قریب رکشہ ڈرائیور نے خاتون کا بازو پکڑ کر ہراساں کیا، جس کے بعد خاتون نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ملزم محمد علی کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی شہربانو نقوی نے کہا کہ خواتین کا استحصال کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔