پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں اہم پیش رفت، 6 ملزمان گرفتار

پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس میں اہم پیش رفت، 6 ملزمان گرفتار

لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ میں فائرنگ سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر واقعے میں ملوث شوٹرز کو سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔ تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شوٹرز کی نقل و حرکت اور فرار میں معاونت کی۔تحقیقات کے مطابق شوٹرز کو لانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی گجرانوالہ سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گاڑی پر شناخت چھپانے کے لیے جعلی نمبر پلیٹ بھی نصب کر رکھی تھی۔تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان گلبرگ تک گاڑی میں آئے، جبکہ واردات کے مقام کے قریب پہنچنے کے بعد وہ موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر کلینک تک پہنچے، جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث مرکزی شوٹرز تاحال مفرور ہیں، تاہم ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ واقعے کے تمام محرکات اور دیگر سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔