39 ہولڈنگ سینٹرز میں 284 افغان شہری موجود، جنہیں طورخم کے راستے واپس بھجوایا جائے گا
غیر قانونی مقیم ،شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں: ترجمان محکمہ داخلہ
لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم میں محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ملکی پالیسی کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز میں لایا جا رہا ہے اور ضروری دستاویزی عمل مکمل کرنے کے بعد انہیں ان کے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔ اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 63 ہزار 891 افغان باشندے وطن واپس بھجوائے گئے جبکہ پنجاب سے 1 لاکھ 39 ہزار 902 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا قیام غیر قانونی ہے۔ اس حوالے سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی جانچ مکمل کی گئی ہے۔