صوبے میں اسوقت 36 ہولڈنگ سینٹرز فعال ،53 افغان شہری موجود
لاہور(خصوصی رپورٹ)محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کیلئے کارروائیاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر سے مجموعی طور پرغیر قانونی مقیم 25 لاکھ 88 ہزار 16 افغان باشندوں کو واپس بھجوایا جا چکا جبکہ صرف پنجاب سے ایک لاکھ 38 ہزار 342 افغان شہریوں کی وطن واپسی عمل میں لائی گئی ۔حکام کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی جانچ مکمل کی گئی ، گرفتار غیر قانونی افغان شہریوں کو پہلے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے جہاں ان کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت 36 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جہاں اسوقت 53 افغان شہری موجود ہیں، بعد ازاں انہیں طورخم بارڈر کے ذریعے افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ اعداد و شمار حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی اور فعال انتظامی اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناختی جعلسازی یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔