12 ہزار 565 مرد، 6 ہزار 695 خواتین اور 13 ہزار 760 بچے شامل ہیں
ڈی پورٹ ہونیوالوں میں 10 ہزار 505 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز تھے
لاہور(کر ائم رپو رٹر)پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 33 ہزار سے زائد افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ 349 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 12 ہزار 565 مرد، 6 ہزار 695 خواتین اور 13 ہزار 760 بچے شامل ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 505 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 100 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 11 ہزار 416 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس پورے عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔