صاد ق آباد:ڈاکوئوں کا حملہ،5ایلیٹ اہلکار شہید
شیخانی پولیس چوکی پر حملے میں عرفان، محمد سلیم، نخیل، خلیل اور غضنفر شہید ہو گئے، 2 اہلکاروں کا تعلق رحیم یار خان 3 کا بہاولنگر سے ہے، پولیس کی بھاری نفری کچہ کے راستوں کی ناکہ بندی کردی، سرچ آپریشن جاری
لاہور، رحیم یار خان( کرائم رپورٹر) رات گئے کچہ کے ڈاکوئوں کا پولیس چوکی پر حملہ ، ایلیٹ فورس کے 5جوان شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا ۔کچہ کے علاقے شیخانی پولیس چوکی پر درجنوں ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کے 5 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، ڈاکو حملے کے بعد فرار ہو گئے۔ایلیٹ فورس کے شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم، نخیل، کانسٹیبل خلیل اور غضنفر شامل ہیں، میتوں کو سول ہسپتال شفٹ کردیا گیا حملے میں شہید ہونے والے دو اہلکاروں کا تعلق رحیم یارخان جبکہ تین کا بہاولنگر سے بتایا گیا ہے۔ ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور کچہ کو جانے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آور ڈاکوؤں سے مقابلہ جاری ہے اور ان کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔پولیس کے تعاقب اور فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ایک حملہ آور ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق، حملہ آور درجنوں ڈاکو جدید اسلحہ سے لیس تھے جنہوں نے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔واقعے کے بعد ڈی پی او عرفان علی سموں خود بھاری نفری اور بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ ڈاکو ریاست اور قانون سے بالاتر نہیں ہو سکتے، انہیں ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ بزدلانہ حملے کا خمیازہ ڈاکوؤں کو بھگتنا ہو گا۔ترجمان پولیس کے مطابق، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، پولیس جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کر رہی ہے تاکہ ڈاکوؤں کو گرفتار یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے کچہ کے گردونواح کو گھیرے میں لے لیا ہے۔