امن کی خاطر جانیں قربان کرنیوالے شہدا ء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں:محسن نقوی ‘ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لئے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی:سرفراز بگٹی
کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، کالعدم بی ایل اے کے 2 دہشت گرد گرفتار ، 4 کلو گرام م بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ،بال بیرنگ برآمد
کوئٹہ ،اسلا م آباد‘کراچی(آئی این پی )بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچھ مانگی فیز تھری میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے پولیس چوکی پرحملے میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ایس پی زیارت قدوس دہوار کے مطابق حملہ پولیس اہلکاروں پر کیا گیا ‘دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیارت کے علاقے میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 9 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت جبکہ صبر جمیل کی دعا کی۔محسن نقوی نے کہا کہ امن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ بلوچستان پاکستان کا مضبوط قلعہ ہے اور یہاں ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف شکست اور ہلاکت ہے۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کر دی جائے گی اور دہشت گرد کہیں بھی چھپ نہیں سکیں گے۔علاوہ ازیں کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، کائو نٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )نے کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے ہے، گرفتار دہشت گردوں میں مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر بن شامل ہیں