9مئی مقدمات‘196ملزمو ں کو سزائیں عمر ایوب‘شبلی فراز‘حامد رضا‘زرتاج گل کو10سال قید فواد چودھری، زین قریشی اور خیال احمد کاسترو بری

فیصل آباد کے  تھانہ سول لائن پولیس نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے الزام میں 185افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا‘ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے اس کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی 77 کو بری کر دیا گیا
 107 ملزموں کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی‘ ایک ملزم جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کا حکم دیا گیا ‘اس کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ٹرائل ابھی مکمل نہیں ہوئے 
 تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے بھی 9 مئی کو تھانے کا محاصرہ کرنے اور اسے آگ لگانے کی کوشش کے الزام میں 67 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا‘ اس کیس میں خصوصی عدالت کے  جج نے 60 ملزموں کو 10 سال قید کی سزا سنائی ‘ 7 ملزم بری

 فیصل آباد (ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، سینٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر کو سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس نے حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے الزام میں 185۔افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے اس کیس میں 108 ملزمان کو سزا سنائی جبکہ 77 کو بری کر دیا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال احمد کاسترو کو مقدمے سے بری کردیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ ان تینوں رہنمائوں کے خلاف شواہد ناکافی تھے، جس کے باعث انہیں شک کا فائدہ دیا گیا‘ اس کیس میں فاضل جج نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب،سینٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، زرتاج گل اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت 107 ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا سنائی جبکہ ایک ملزم جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔اس کیس میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا (کے پی) علی امین گنڈا پور کے ٹرائل ابھی مکمل نہیں ہوئے جبکہ سول لائن کیس میں فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو بری کردیا گیا۔ تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے بھی 9 مئی کو تھانے کا محاصرہ کرنے اور اسے آگ لگانے کی کوشش کے الزام میں 67۔ افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔اس کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے 60 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ 7 ملزمان کو بری کر دیاگیا۔ تھانہ سول لائن پولیس کے ایک اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فاضل جج نے 32 ملزمان کا ٹرائل مکمل کرنے کے بعد 28 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی جبکہ چار ملزمان کو بری کر دیاگیا۔تھانہ سول لائن پولیس نے یہ مقدمہ 9 مئی کے فسادات کے دوران ایک سرکاری گاڑی کو نذر آتش کرنے کے الزام میں درج کیا تھا۔