کاہنہ میں ٹیم پر فائرنگ، کانسٹیبل رزاق ڈوگر شہید ، دو اہلکار زخمی ،ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت نہ ہوسکی،ساتھی فرار
لاہور (کرائم رپورٹر)سی سی ڈی نے کاہنہ کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی،جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔سی سی ڈی پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل رزاق ڈوگر شہید ہو گئے جبکہ دو دیگر اہلکار زخمی ہو گئے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کی جوابی کارروائی میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے۔واقعے کے بعد سی سی ڈی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔شہید کانسٹیبل کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔