کوارٹرز اور کوٹھیوں کی الاٹمنٹ، 4 ریلوے ملازم گرفتار

 ڈی جی ویجیلنس ریلوے عبدالرب چودھری نے غیر قانونی الاٹمنٹ کا فراڈ پکڑا تھا
 مرکزی ملزم عادل کی گرفتاری کیلئے چھاپے،بعض افسروں کے نام سامنے آنے کا امکان 
لاہور(خصوصی رپورٹ )ریلوے کوارٹرز کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں اہم پیش رفت،ریلوے پولیس نے مبینہ طور پر 10 کروڑ روپے رشوت لے کر کوارٹرز اور کوٹھیوں کی الاٹمنٹ کرنے میں ملوث 4 ملازمین کو گرفتار کر لیا ، گرفتار ملزموں میں وقاص،محمد ضیغم،محمد نذر اور ذیشان شاہد شامل ہیں۔دیگر کی گرفتاری کیلئے ریلوے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ویجیلنس ریلوے عبدالرب چودھری نے ریلوے لاہور ڈویڑن،مغلپورہ ورکشاپ اور ریلوے ہیڈکوارٹر میں کوارٹرز کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا فراڈ پکڑا تھا۔فراڈ میں ریلوے کے 19 ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ،ڈی جی ویجیلنس ریلوے نے اس باریاپنی رپورٹ بنا کر چیئرمین ریلوے کو ارسال کی تھی، ریلوے کوارٹرز اور کوٹھیوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث مرکزی ملزم عادل شہزاد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ،رپورٹ کے مطابق فراڈ میں دیگر ملازمین غلام تبسم، توقیر حسین،رفاقت،ریحان،احسان عارف،کلیم ،راشد رشید،زاہد،حافظ شفیق،ایاز اور دیگر بھی ملوث ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوارٹرز کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ریلوے کے بعض افسروں کے نام بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔