لاجز میں 56 کیمرے ،چند غیر فعال ،قائمہ کمیٹی کے تحفظات

 ڈپٹی سپیکر کا غیر فعال کیمروں کا نوٹس،فوری مرمت اور نگرانی بڑھانے کی ہدایت 
 کمیٹی ارکان ایم این اے ہاسٹل میں ناقص صفائی انتظامات پر برہم ،اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہا ئوس اینڈ لائبریری نے ایم این اے ہاسٹل میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایت دی۔ڈپٹی سپیکر نے پارلیمنٹ لاجز میں سکیورٹی کی کمزوریوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تمام حساس مقامات پر فوری طور پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی آئی جی سکیورٹی نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں 56 کیمرے نصب ہیں جن میں سے چند غیر فعال ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے غیر فعال کیمروں کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مرمت اور نگرانی بڑھانے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں پارلیمنٹ لاجز کی توسیع، سکیورٹی اور ترقیاتی امور پر غور کیا گیا۔سی ڈی اے کے نمائندوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں 104 فیملی سویٹس کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور ماڈل سویٹ مکمل ہوچکا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اراکین آئندہ اجلاس سے قبل تعمیراتی معیار کا جائزہ لینے کے لیے ماڈل سویٹ کا معائنہ کریں گے۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ نئے لاجز کے ساتھ سڑکوں، پارکنگ اور سرونٹ کوارٹرز کی تکمیل کے لیے مزید فنڈز درکار ہیں تاہم کمیٹی نے واضح کیا کہ مختص بجٹ سے تجاوز ممکن نہیں۔