کینسر ہسپتال:ایس او پیز کیمطابق پارکنگ ڈیزائن کرنے کی ہدایت

داخلی و خارجی راستوں اور گاڑیوں کی گنجائش کا خاص خیال رکھا جائے:ڈی جی 
لاہور (خصوصی رپورٹ)ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے زیر تعمیر نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر تعمیراتی پیش رفت اور پارکنگ پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین اور آئی ڈیپ ٹیموں نے ڈی جی ایل ڈی اے کو ہسپتال کے پارکنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتال پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور پارکنگ پلان آئندہ بیس سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ پارکنگ پلان میں داخلی و خارجی راستوں اور گاڑیوں کی گنجائش کا خاص خیال رکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پارکنگ ایریاز کو ایس او پیز اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا جائے۔بریفنگ کے مطابق ہسپتال میں بین الاقوامی معیار کے مطابق پارکنگ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،جہاں 750 گاڑیوں اور 750 سے زائد موٹر سائیکلوں کے لیے پارکنگ کی جگہ دستیاب ہو گی۔دورے کے موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین، ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ اور آئی ڈیپ کے افسران بھی موجود تھے۔