وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد کادورہ ،منصوبوں پربریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے ہمراہ ٹیپا کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مختلف منصوبوں کے ڈیزائن اور ایگزیکیوشن پر بریفنگ دی گئی جبکہ نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کی سائٹ کا بھی دورہ کیا گیا۔چیف انجینئر ٹیپا اقرار حسین نے اجلاس میں نیلا گنبد پارکنگ پلازہ اور بیوٹیفکیشن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے مطابق منصوبہ ایگزیکیوشن کے قریب ہے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے لیا گیا ہے۔اجلاس میں ناصر باغ اور پرانی ٹولنٹن مارکیٹ پارکنگ پلازہ کے مجوزہ منصوبوں کے ڈیزائن بھی پیش کیے گئے۔استنبول چوک سے داتا دربار تک ری ماڈلنگ اور ریلوے سٹیشن کے اطراف سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔بعدازاں وائس چیئرمین ایل ڈی اے اور ڈی جی ایل ڈی اے نے نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کی سائٹ کا دورہ کیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر اور چیف انجینئر ٹیپا نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیلا گنبد کے اطراف تاجروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔منصوبے پر رواں ہفتے ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا جبکہ سروسز کی منتقلی کے لیے متعلقہ اداروں سے کوآرڈینیشن جاری ہے۔