کراچی سے رپورٹ کے مطابق، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی-کندھ کوٹ پل کی تعمیراتی کام کی رفتار بڑھانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس حوالے سے ایک اجلاس وزیراعلیٰ کی صدارت میں ہوا، جس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، معاون خصوصی سید قاسم نوید، چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ، اور دیگر اہم حکام شریک تھے۔اس اجلاس میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لیے ٹاپ کلاس انجینئرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، اور ٹھیکیدار نے اپنی ٹیم کے ساتھ کام شروع کر دیا ہے۔ اس وقت 12.15 کلومیٹر لمبے اس پل کے لیے دریا میں 723 میں سے 379 پائل نصب کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی 353 پائل دسمبر تک نصب کر کے گارڈر لگانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانی کی سطح کم ہونے کے دوران یعنی نومبر سے جون کے درمیان تیزی سے کام جاری رہنا چاہیے، تاکہ منصوبہ 2026 کے دسمبر تک مکمل ہو جائے۔ انہوں نے سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی تعیناتی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ اگلے ہفتے ایک اور جائزہ اجلاس کیا جائے گا اور اگلے مہینے وہ خود بھی منصوبے کے مقام پر جا کر کام کا معائنہ کریں گے۔ یہ پل نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب اور بلوچستان کے اقتصادی رابطوں کے لیے بھی اہم ہے۔