سندھ کے ضلع کندھ کوٹ میں زنگ آلود راکٹ کا گولا پھٹنے کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ زور گڑھ کے قریب ایک زرعی زمین پر ہوا، جہاں بچے راکٹ کے گولے کو ناکارہ سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ اچانک اس کا دھماکہ ہو گیا۔جاں بحق ہونے والے بچے مویشی چرانے والے گولا قبیلے کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔اس واقعے میں ایک بچے زخمی بھی ہوا ہے، جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ایس ایس پی محمد مراد کے مطابق، علاقے کو سیل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کی تفتیش میں مصروف ہیں، اور علاقے میں صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔