کندھ کوٹ: بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان فائرنگ، 4 ہلاک، متعدد زخمی

کندھ کوٹ: بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان فائرنگ، 4 ہلاک، متعدد زخمی

کندھ کوٹ میں بھنگوار اور بھٹو برادری کے درمیان فائرنگ کا واقعہ بڈانی ایٹ میانی تھانے کی حدود میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں برادریوں کے چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے بعد دونوں فریقین نے اپنے اپنے مورچے سنبھال لیے۔ اس تصادم کے باعث بڈانی شہر مکمل طور پر بند ہوگیا اور علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی۔قتل ہونے والوں میں بھٹو برادری کے دو افراد اور بھنگوار برادری کے دو افراد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں گروپوں میں گزشتہ روز گدھا گاڑی کے معاملے پر تصادم ہوا تھا، جس کے بعد یہ خونریز لڑائی شروع ہوگئی۔ اس واقعے کے بعد دونوں گروپوں کے درمیان مزید جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق شہر میں اسلحہ کے ساتھ گھومنے والے مسلح افراد کا راج ہے، جس کے باعث شہر میں بے چینی اور خوف کا ماحول ہے۔

 پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ، ضیاء الحسن لنجار نے ایس ایس پی کشمور سے ابتدائی پولیس کارروائی پر مشتمل تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی کے خلاف جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور فساد پھیلانے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے شہر میں پولیس گشت بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔