ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ میدانی علاقے اسموگ کے اثرات سے دوچار ہیں۔
لاہور کا فضائی معیار ایک بار پھر خطرناک حد تک خراب ہو چکا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 291 پر پہنچ گیا ہے، جس کی وجہ سے شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے، اور اس کے اثرات سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال کریں۔
کراچی کا موسم خشک اور گرم ہے، جہاں درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ صبح اور رات کے اوقات میں معمولی خنکی رہتی ہے۔ آج درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے، اور خشک ہوائیں شمال مشرقی سمت سے چل رہی ہیں۔ کراچی کا فضائی معیار بھی خطرناک حد تک خراب ہو گیا ہے، اور AQI کے مطابق یہ شہر چوتھے نمبر پر ہے، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 227 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی پاکستان کے اندر آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں بھی سردی کا موسم جاری ہے، اور میدانی علاقوں میں اسموگ کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقے میں موسم خشک اور سرد ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ روز، اسلام آباد، لوئر دیر، کالام، مالم جبہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد اور مظفرآباد میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ کم سے کم درجہ حرارت لہہ پر منفی 3، سکردو پر منفی 1 اور بابوسر پر 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم کے اثرات سے شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا ہے، اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے۔