پنجاب پولیس کو ایک لاکھ 96 ہزار 975 افغانوں کا ڈیٹا مل گیا

 پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائیاں تیز، 94 ہزار سے زائد ڈی پورٹ کیے جا چکے ہیں
1 لاکھ سے زائد پی او آر کارڈ ہولڈر افغان تاحال لاپتہ، اداروں نے روزانہ کی رپورٹنگ مہم تیز کر دی
 لاہور (آن لائن) لاہور سمیت پنجاب بھر میں ایک لاکھ سے زائد افغان شہریوں کی تلاش کے لیے پولیس اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے مطابق پنجاب پولیس کو ایک لاکھ 96 ہزار 975 افغان باشندوں کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، جن کے پاس پی او آر (Proof of Residence) کارڈز موجود تھے۔سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق ایک لاکھ 16 ہزار 896 افغانوں کی چیکنگ مکمل کی گئی، جن میں سے بیشتر کے پاس درست رہائشی ثبوت موجود تھے۔ تاہم صوبے بھر سے اب تک 94 ہزار 167 افغان باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔پولیس کے مطابق 36 ہزار 88 افغان باشندوں کو پکڑ کر سرحد پار بھیجا گیا، جب کہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے افغانوں کی تعداد 58 ہزار 79 ریکارڈ کی گئی ہے۔