امریکہ اور چین میں ایک سالہ تجارتی معاہدہ ہوگیا‘ٹرمپ نے ٹیرف10فیصد کم کردیا

 چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات بہترین رہی، بات چیت حیرت انگیز رہی، کئی اہم فیصلے کئے گئے‘معاہدے کو توسیع دینگے:ٹرمپ
چین اور امریکہ کو شراکت دار اور دوست ہونا چاہئے، دنیا کے بڑے ممالک ہونے کے ناطے مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں:چینی صدر
بوسان(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صدر شی جن پنگ اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات میں ایک سال کا معاہدہ طے پا گیا، امریکا نے چین پر ٹیرف بھی 10 فیصد کم کرنے کا اعلان کر دیا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا  چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات بہترین رہی، بات چیت حیرت انگیز رہی، کئی اہم فیصلے کیے گئے، امریکا اور چین کے درمیان ایک سالہ تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ تجارتی معاہدے کو باقاعدگی سے توسیع دی جائے گی، چین پر عائد ٹیرف 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کر رہے ہیں، نایاب معدنیات کا تنازع بھی حل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا  اپریل میں چین کا دورہ کروں گا، صدر شی بھی امریکا کا دورہ کریں گے‘ انہوں نے کہا یوکرین کے معاملے پر صدر شی کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، ہم اس بات پر متفق ہیں  دونوں فریق لڑ رہے ہیں اور میرے خیال کبھی کبھی آپ کو انہیں لڑنے دینا پڑتا ہے لیکن ہم یوکرین پر مل کر کام کرنے جا رہے ہیں۔صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بار کہا ہے  چین اور امریکہ کو شراکت دار اور دوست ہونا چاہئے، دنیا کے بڑے ممالک ہونے کے ناطے چین اور امریکا مشترکہ طور پر اپنی ذمہ داری نبھا سکتے ہیں کیونکہ دنیا کو مشکل مسائل کا سامنا ہے۔