صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے پنجاب اسمبلی میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین نے ملاقات کی، جس میں مختلف سیاسی اور عوامی امور پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ملاقات کے دوران بلدیاتی انتخابات، تنظیمی امور، اور پنجاب میں پارٹی کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اراکین اسمبلی نے صدر مملکت کو صحت، تعلیم، انفرااسٹرکچر اور روزگار سے متعلق عوامی مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پارٹی قیادت عوامی خدمت کے مشن پر کاربند ہے اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون حاصل کیا جائے۔ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی سیاسی موجودگی کو بڑھانے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں فعال کردار ادا کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔