توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان عدالت میں پیش، بشریٰ بی بی نے پیشی سے انکار کر دیا

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان عدالت میں پیش، بشریٰ بی بی نے پیشی سے انکار کر دیا

اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا، تاہم ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کمرہ عدالت میں آنے سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا۔

کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، جہاں عدالت نے جیل حکام کو ہدایت دی کہ بشریٰ بی بی کو پیش کیا جائے۔ جیل حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ بشریٰ بی بی نے آنے سے انکار کر دیا ہے، اور ان کا مؤقف ہے کہ چونکہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی، اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گی۔عدالت نے اس رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ تین گھنٹے کا وقت دیے جانے کے باوجود وہ نہیں آئیں۔ اس کے باعث چار گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے۔

عدالت نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں تو ان کی ضمانت منسوخ کر دی جائے گی۔ اسپیشل جج نے انہیں آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 3 جون تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر قیمتی تحائف کی فروخت اور اثاثوں میں درست معلومات نہ دینے کا الزام ہے، اور مقدمے کی کارروائی اڈیالہ جیل میں جاری ہے۔