راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں آج اڈیالہ جیل میں بند کمرے میں کیس کی سماعت کی جا رہی ہے۔
خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، جہاں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ادھر بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوثین مفتی نے دیگر وکلا اور اہل خانہ کے بغیر عدالت میں داخل ہونے سے انکار کر دیا۔ عدالت کے حکم پر عدالتی عملہ گیٹ نمبر 5 پر وکیل کو بلانے پہنچا، لیکن قوثین مفتی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ فیملی اور دیگر وکلا کے بغیر اندر نہیں جائیں گے۔ اس پر عدالتی عملہ واپس عدالت میں چلا گیا۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کی دو بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان، نیز ان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی بھی اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، وفاقی پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی نقوی اور پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری بھی جیل میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ پر تحائف کی تفصیلات چھپانے اور قواعد کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر جیل میں ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا تھا۔ذرائع کے مطابق سماعت کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور صرف مخصوص افراد کو احاطۂ عدالت میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔