اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش

اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش

اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے۔

 اس کیس میں ان پر توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے اور ان کو ذاتی استعمال یا فروخت کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔سماعت کے دوران استغاثہ کے پانچ گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں سے تین گواہوں پر جرح بھی کی جا چکی ہے، جبکہ ایک گواہ بنیامین کا بیان مکمل نہیں ہو سکا۔ اس دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے درخواست کی کہ جمعہ کے روز جرح کی جائے، تاہم ایف آئی اے کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے وکلا عدالت میں موجود ہیں، اس لیے جرح کا عمل مکمل کیا جائے۔

پراسیکیوشن نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ گواہ پر جرح کا عمل جاری رکھا جائے اور اس کے بعد ہی مزید کارروائی کی جائے۔ جرح کا عمل مکمل ہونے کے بعد کیس کی سماعت جمعہ 10 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔یہ کیس توشہ خانہ سے متعلق ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزام ہے کہ انہوں نے توشہ خانہ سے حاصل ہونے والے تحائف کو درست طریقے سے ڈیکلیر نہیں کیا اور ان تحائف کو ذاتی طور پر استعمال کیا یا فروخت کیا، جس پر ان کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں۔