ویب ڈیسک: پاکستان کے قومی ہیرو اور جیولین تھرو کے ماہر ارشد ندیم ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ایک اور کامیابی کے لیے پُرعزم ہیں۔
ایونٹ کا فائنل آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:10 بجے ہوگا۔ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 86.34 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی، جو اس راؤنڈ کی سب سے طویل تھرو تھی۔ ان کے ساتھ قومی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ بھارتی جیولین تھروور یش ویر سنگھ نے صرف 76.67 میٹر کی تھرو کی۔ارشد ندیم نے گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام میں قوم سے دعا کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا:"کوالیفائنگ راؤنڈ میں لمبی تھرو کرکے ٹاپ پر رہا ہوں، آج فائنل ہے، دعا کریں کہ پاکستان کا جھنڈا بلند کر سکوں۔ آپ کی دعائیں ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہیں، آج بھی ان کی ضرورت ہے۔" ارشد ندیم کا شمار عالمی سطح پر پاکستان کے بہترین ایتھلیٹس میں ہوتا ہے۔ وہ اس سے قبل کامن ویلتھ گیمز اور دیگر بڑے مقابلوں میں طلائی تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔قوم کی نظریں اب ارشد ندیم پر مرکوز ہیں، جو ایشین چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اتریں گے۔