نیویارک (آئی این پی )اقوام متحدہ کے امن مشن کے 57اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جن میں 2پاکستانی بھی شامل ہیں۔نیویارک میں یہ تقریب اقوام متحدہ کے امن اہلکاروں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقد کی گئی جس میں 32ممالک سے تعلق رکھنے والے 57فوجی، پولیس اور سول امن اہلکاروں کو بعد از وفات خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ان اہلکاروں نے گذشتہ سال دنیا بھر کے امن مشنز میں خدمات انجام دیتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا تھا۔بعد از وفات دیا جانے والا ڈاگ ہیمرشولد میڈل سپاہی محمد طارق اور حوالدار احسن اللہ خان کو دیا گیا۔ ان اہلکاروں نے یو این انٹرِم سکیورٹی فورس برائے ابیی کے ساتھ خدمات انجام دی تھیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تقریب کی صدارت کی اور شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد اور مشن کے ملٹری ایڈوائزر کرنل عمر شفیق بھی تقریب میں موجود تھے۔انہوں نے دیگر ممالک کے سفیروں اور فوجی نمائندوں کے ہمراہ ایوارڈز وصول کیے۔