پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف اورسابق رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ کو سزا سنائی گئی‘ملزموں پر اسلام آباد کے تھانوں پر حملے کا الزام ہے
کسی بھی احتجاج کا پرامن طریقہ ہوتا ہے، اگر اپنے لوگ ہی تھانوں پر حملہ کریں گے توملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا:جج خصوصی عدالت
اسلام آباد(آن لائن )انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی احتجاج پر تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف اورسابق رکن صوبائی اسمبلی وزیر زادہ سمیت دیگر ملزموں کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔ممبرقومی اسمبلی پرنااہلی کی تلواربھی لٹک گئی ،جبکہ انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج نے ریمارکس دیے کہ کسی بھی احتجاج کا پرامن طریقہ ہوتا ہے، آپ پر اسلام آباد کے تھانوں پر حملے کا الزام ہے، اگر اپنے لوگ ہی تھانوں پر حملہ کریں گے توملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا انھوں نے یہ ریمارکس جمعہ کے روزدیے ہیں۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں 9 مئی احتجاج پر تھانا رمنا میں درج کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف سمیت نامزد 11 ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت 10 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت نے پولیس پر قاتلانہ حملہ کرنے کے جرم میں تمام ملزموں کو 5 سال قید، موٹرسائیکل جلانے کے جرم میں 4 سال، پولیس کو کام سے روکنے پر3 سال قید جبکہ ملزموں کو جتھہ بنا کر جرم کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔