وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ نہیں ہوا اور عوام کے خلاف کسی بھی پالیسی کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
ایوان صدر میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن پر صوبوں کی رائے تقسیم ہے، اور فائنل یہ ہوا کہ معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرنے والا کوئی فیصلہ نہ کیا جائے۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف فرنٹ پر لڑ رہے ہیں اور وفاق سے ایک پیسہ بھی نہیں لیا۔ صحت کارڈ کے ذریعے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں سے ہی عوام کے ٹیکس کا پیسہ اکٹھا کرتا ہے، اور ہمارا پیسہ شاہ خرچی پر نہیں خرچ ہونے دیں گے۔ عوام کے منتخب نمائندوں پر ذمہ داری ہے کہ کفایت شعاری کا مظاہرہ کریں۔وزیر اعلیٰ نے این ایف سی کے حوالے سے کہا کہ وہ اس مقدمے میں انصاف کے لیے لڑ رہے ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا کا شیئر نہیں دیا جا رہا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ شیئر نہ دینے والوں پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی ہونی چاہیے۔