مقتولہ چھ بہن بھائیوں میں سے ایک تھی اور وقوعہ کے وقت گھر پر اکیلی تھی
مقتولہ کی والدہ دیگر بچوں کے ہمراہ شادی میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھی
والد ناصر علی بیرون ملک مقیم ہے ،قاتلوں نے خالی گھر کا فائدہ اٹھایا:پولیس
فیروزوالا(آئی این پی )فیروزوالا میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک لڑکی کو تیز دھار آلے کے وار کر کے بیدردی سے قتل کر دیا ۔تفصیل کے مطابق پولیس نے اطلاع ملنے پر مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مار ٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقتولہ چھ بہن بھائیوں میں سے ایک تھی اور وقوعہ کے وقت گھر پر اکیلی تھی۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی والدہ دیگر بچوں کے ہمراہ قریبی گائوں میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے گئی ہوئی تھیں، جبکہ لڑکی کا والد ناصر علی بیرون ملک محنت مزدوری کے سلسلے میں مقیم ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گھر کے خالی ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لڑکی کو نشانہ بنایا۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ قتل کے اس واقعے کی تمام پہلوں سے تفتیش کی جائے گی اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔