بلوچستان میں بارشوں کے باعث ژوب ڈیرہ قومی شاہراہ سیلاب میں بہہ گئی، مسافر گھنٹوں پھنسے رہے
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ‘راول ڈیم اور خان پور ڈیم بھر گئے
ملک کے بیشتر حصوں میں یکم سے 4 اپریل تک تیز ہواؤںاور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے
پشاور،کوئٹہ‘راولپنڈی(آئی این پی‘آن لائن )خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 21 افراد جاںبحق اور56زخمی ہوگئے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث 17 افراد جاںبحق جبکہ 56 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 11 گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، دیر اپر، باجوڑ، بٹگرام اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے ہیں‘ بلوچستان میں شدید بارشیں، ژوب ڈیرہ قومی شاہراہ سیلاب میں بہہ گئی، مسافر گھنٹوں پھنسے رہے‘جڑواں شہروں میں اتواراور پیر کی درمیانی شب اور پیر کی صبح تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث سردی واپس لوٹ آئی جس سے بعض نشیبی علاقوں میں بارش اور سیوریج ونکاسی کا پانی جمع ہوگیا۔ جڑواں شہروں اور گردونواح کے علاقوں میں بارشوں سے پانی کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے راول ڈیم میں پانی کی سطح 1744 فٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ راول ڈیم میں پانی کا ڈیڈ لیول 1706 فٹ ہے اسی طرح خانپور ڈیم میں پانی کی سطح 1952 ریکارڈ کی گئی جہاں پر پانی کا ڈیڈ لیول 1910 ہے انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث زیر زمین بھی پانی کی سطح میں بھی بہتری کا امکان ہے‘محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں یکم اپریل سے 4 اپریل تک تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بارشوں کے ایک طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ یکم اپریل کو بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جو 4 اپریل تک ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کرتا رہے گا اس موسمی نظام کے زیر اثر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں یکم اپریل کی شام سے 4 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے