ایران میں مسافر بس کو حادثہ، 13 افراد جاںبحق ، 13 افراد زخمی

  بس ہائی وے کے مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا کر مخالف لین میں الٹ گئی، ٹیکسی میں دو مسافر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے
 تہران (آئی این پی)ایران میں ہائی وے پر  بس الٹنے کے باعث درجن سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا  رپورٹ کے مطابق وسطی ایران کے ہائی وے پر مسافروں سے بھری بس  اصفہان سے شمال مشرقی شہر مشہد کی جانب رواں تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔  رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مسافر بس  ہائی وے کے مرکزی گارڈ ریل سے ٹکرا کر مخالف لین میں الٹ گئی اور اس دوران بس ایک ٹیکسی سے بھی ٹکرائی۔  حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 11 افراد  جاںبحق ہوگئے جبکہ ٹیکسی میں موجود دو مسافر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔اس حادثے میں خواتین سمیت 13 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔