مارکیٹس جانے والے عام شہریوں پر اضافی ٹیکس لگانا مناسب نہیں، 35 سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر کسی بھی جگہ ٹول پلازہ لگایا جا سکتا ہے: سیکرٹری مواصلات
اسلام آباد (آن لائن) جمعرات کو کنوینر طارق فضل چودھری کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزارت مواصلات سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران کنوینر کمیٹی نے وزارت مواصلات کے حکام سے کہا کہ عوام پر غیر ضروری بوجھ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش قبول نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں اسلام آباد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے مارکیٹس میں آنے والوں پر ٹیکس لگانے کی تجویز پر تبادلہ خیال ہوا۔ کنوینر کمیٹی نے اس تجویز کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹس جانے والے عام شہریوں پر اضافی ٹیکس لگانا مناسب نہیں۔ کمیٹی کو سیکریٹری مواصلات نے بتایا کہ 35 سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر کسی بھی جگہ ٹول پلازہ لگایا جا سکتا ہے تاہم کنوینر کمیٹی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سو کلومیٹر پر ٹول پلازہ لگائیں تاکہ عوام کو کم سے کم تکلیف ہو۔حکام وزارت مواصلات نے یقین دہانی کرائی کہ گاڑیوں کو روکنے کی بجائے جدید اور بہتر طریقہ کار اپنایا جائے گا۔