لیسکو صارفین پر اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری، 3 سالہ ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر عوام کو ٹیکا لگایا جائے گا

لاہور : بجلی صارفین کو 8ارب کا جھٹکا
3مالی سالوں پر ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا نے لیسکو کی درخواست پر اضافی قیمت وصول کرنے کی منظوری دے دی ، ایک سال کے دوران صارفین کو آٹھ ارب روپے کی اضافی ادائیگیاں کرنا ہوگی، لاہورئیے پریشانی سے دوچار
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور اور گرد و نواح کے بجلی صارفین پر بلوں کی مد میں 8 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) صارفین پر بجلی کے بلوں کی مد میں 8 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں نیپرا نے لیسکو کی درخواست پر اضافی قیمت وصول کرنے کی منظوری دے دی۔بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے لیسکو نے گزشتہ 3 سالہ ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر نیپرا میں درخواست دائر کی تھی، لیسکو نے 2019ء سے 2020ء کے دوران کوارٹر ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر اضافہ مانگا، کمپنی نے 2020ء سے 2021ء کے مالی سال کے دوران بھی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر اضافے کا مطالبہ کیا، اسی طرح لیسکو نے 2021ء سے 2022ء کے مالی سال کے دوران بھی ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر اضافہ مانگا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ نیپرا کی جانب سے لیسکو کی دائر درخواست پر سماعت کرکے اربوں روپے وصول کرنے کی منظوری دیدی گئی، جس کے تحت لیسکو آئندہ مالی سال کے دوران بجلی کے صارفین سے بلز وصول کرے گی، اس مد میں ایک سال کے دوران صارفین کو آٹھ ارب روپے کی اضافی ادائیگیاں کرنا ہوگی۔