ایرانی تیل پر قبضہ میرا پسندیدہ آپشن ہے‘ پاکستان کے ذریعے امریکہ،ایران بالواسطہ مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے، جلد ڈیل ہوسکتی ہے ‘معاہدہ نہ ہونے پر تیل کے ذخائر پاور پلانٹ اور خارگ جزیرہ تباہ کر دینگے:امریکی صدر
ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کا 8 نکاتی منصوبہ تیار، جنوب مشرق سے 2 ہزار 500 امریکی فوجی داخل ہوں گے:رپورٹ‘زمینی حملے کا نتیجہ امریکی فوجیوں کی ذلت آمیز قید کی صورت میں نکلے گا: ایرانی فوج
واشنگٹن‘تہران(آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے ایران کے ساتھ ڈیل جلد ہوسکتی ہے، پاکستانی سفارتکاروں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے، خارگ پر قبضہ کرکے ایرانی تیل حاصل کر سکتے ہیں۔امریکی صدر ٹرمپ نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو اور برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں کہا کہ امریکا ایران کے تیل کو قبضے میں لے سکتا ہے، امریکا خارگ جزیرے پر قبضہ کرسکتا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہاروں کو ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 ہوگئی۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی اسپیکر باقر قالیباف نے جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستانی سفارتکاروں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے، ایران کے ساتھ ڈیل جلد ہوسکتی ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں، ایران کے ساتھ مذاکرات میں اچھی پیش رفت ہو رہی ہے۔ لگتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ بہت جلد ایک معاہدہ کرلیں گے، میرا پسندیدہ آپشن ایرانی تیل پر قبضہ کرنا ہے‘ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ طے نہ پایا تو ایران کے تمام بجلی پیدا کرنے والے مراکز تیل کے کنویں اور خارگ جزیرے کو تباہ کریں گے۔دریں اثناء امریکا اسرائیل نے تبریز میں پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا، تہران اور کرج کے کچھ علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی، آئی اے ای اے نے ایران کے خنداب جوہری پلانٹ پر حملے میں نقصان کی تصدیق کی ہے،ایران کے جوابی میزائل حملوں کے پیشِ نظر اسرائیلی پارلیمنٹ کینیسٹ کا اجلاس موخر کر دیا گیا، کویت میں بجلی پیدا کرنے اور پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ پر ایک ایرانی حملے میں ایک بھارتی شہری ہلاک ہوگیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ایک حملے میں تبریز پیٹروکیمیکل کمپنی کے ایک یونٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے‘جنوبی اسرائیل میں ایرانی میزائل حملے کے بعد کیمیکل پلانٹ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین میں بھی امریکی اہداف نشانہ بنے
‘ امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف آٹھ نکاتی جنگی منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں اہم ایرانی قیادت کو ہدف بنانے، بڑے شہروں اور ایٹمی تنصیبات پر حملے کرنے، اور ممکنہ زمینی و محدود ایٹمی کارروائیاں شامل ہیں۔ عرب خبر رساں ادنارے نے ایران کے سرکاری انگریزی اخبار تہران ٹائمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت اہم ایرانی قیادت کو نشانہ بنایا جائے گا۔ بڑے شہروں کے انفراسٹرکچر پر حملے کیے جائیں گے جبکہ ایران کے شمال مغرب سے 4 ہزار افراد پر مشتمل اپوزیشن فورسز کے ساتھ زمینی حملہ کیا جائے گا۔منصوبے کے مطابق ایران کے جنوب مشرق سے 2 ہزار 500 امریکی فوجی داخل ہوں گے۔ فوجی اتارنے کے لیے بندر عباس، کرمانشاہ، ارمیہ اور تبریز کے ہوائی اڈوں کا استعمال کیا جائے گا۔ان کی پاسدارانِ انقلاب کی اہم فوجی شاخ خاتم الانبیا فورس کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت یا زمینی حملے کا نتیجہ امریکی فوجیوں کی ذلت آمیز قید کی صورت میں نکلے گا