نسیم بی بی پسند کی شادی کرنے کے لیے گھر سے چلی گئی تھی،پنچایت کے ذریعے واپس لاکرقتل کردیاگیاتھا
لودھراں(آئی این پی) پنجاب کے لودھراں کے علاقے گیلے وال میں دو سال قبل لاپتا ہونے والی خاتون کا معمہ حل ہوگیا۔لودھراں پولیس کے مطابق خاتون نسیم بی بی کے 2 سال قبل لاپتا ہونے کی اطلاع ملی تھی، جسے اس کے بھائیوں نے قتل کیا تھا۔گرفتار ملزمان نے اپنی بہن کے قتل کا اعتراف کیا اور پولیس کو بتایا کہ انہوں نے مقتولہ کو کھیتوں میں دفن کردیا تھا۔لودھراں پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر کھیتوں سے لاش نکالی گئی، یو ں خاتون کے لاپتا ہونے کا معمہ حل ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق خاتون 2 سال قبل پسند کی شادی کرنے کیلئے گھر سے چلی گئی تھی، بھائی مقتولہ کو پنچایت کے ذریعے واپس لے کر آئے تھے اور دھوکے سے قتل کیا۔پولیس حکام کے مطابق خاتون کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔