دریائے سندھ سے نہریں نکالنے نہیں دینگے : خورشید شاہ

معاملے پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا، کچھ لوگ اپنی ناکام سیاست چمکانے کی کوشش میں لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں
سکھر(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کو یقین دلاتی ہے کہ وہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے نہیں دیگی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر میں حکومت سندھ کے ترجمان و بلدیہ اعلیٰ سکھر کے مئیر ارسلان اسلام شیخ کی جانب سے لب مہران روڈ پر منعقد افطار ڈنر تقریب میں شرکت کے موقع پر کیا ، تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنمائوں سمیت یوسیز چیئرمین ، ذیلی تنظیموں کے عہدے داروں سمیت کارکنان و معزز شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ اور سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور وفاق کی چاروں اکائیوں کو متحد دیکھنا چاہتی ہے ، پیپلز پارٹی کی قیادت نے کینالز کی تعمیر کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اور یہی پیپلز پارٹی تھی جس نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کینالز کے معاملے پر اپنی ناکام سیاست چمکانے کی کوشش کر کے لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جو ملک کو کمزور کرنا چاہئے ہیں۔