دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ پیچیدگی اختیار کر گیا

نہریں نکالنے کے معاملے پر سندھی قوم پرستوں کے بیانیے نے پیپلز پارٹی کو چکرا کر رکھ دیا،پی پی ذرائع
 وفاقی حکومت سے حسب توقع ردعمل نہ ملنے پرپیپلزپارٹی مایوس،معاملہ صدرمملکت کے حوالے کرنے کافیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی) کینالز کے معاملے پر سندھی قوم پرستوں کے بیانیے نے پیپلز پارٹی کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا معاملہ پیچیدگی اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے نہروں کا معاملہ صدر مملکت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، صدر مملکت عید کے بعد وفاق سے نہروں کا معاملہ اٹھائیں گے، وزیر اعظم سے بات کریں گے اور سی ای سی بلانے کا مطالبہ کریں گے۔پی پی ذرائع کے مطابق پی پی کو کینالز کے معاملے پر سندھ میں شدید عوامی ردعمل کا سامنا ہے، اور وہ سندھی قوم پرست جماعتوں کی عوامی رابطہ مہم سے پریشان ہے، کیوں کہ دریائے سندھ پر نہروں کے معاملے پر اندرون سندھ کے ووٹرز اور شہری بدظن ہو رہے ہیں۔وفاقی حکومت نے احتجاج کے باوجود تاحال پی پی سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی حکومت کے لفٹ نہ کرانے پر پیپلز پارٹی کو شدید تشویش ہے، اور وفاقی حکومت سے حسب توقع ردعمل نہ ملنے پر مایوس ہے۔