کیف پر روسی حملہ، امریکی ڈرون کمپنی کی تنصیب تباہ ہونے کا دعویٰ

کیف پر روسی حملہ، امریکی ڈرون کمپنی کی تنصیب تباہ ہونے کا دعویٰ

کیف: برطانوی اخبار دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق 26 جولائی کو یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی حملے کے دوران ایک امریکی ڈرون کمپنی کی تنصیب تباہ ہو گئی۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ کمپنی ٹرمینل (Terminal) کی بنیاد امریکی ریاست ڈیلاویئر میں 2023 میں رکھی گئی تھی، جو مصنوعی ذہانت (AI) اور روسی الیکٹرانک جنگی نظام کے خلاف مزاحمت رکھنے والی جدید ٹیکنالوجی سے لیس طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون تیار کرتی ہے۔دی گارڈین کے مطابق روسی حملے میں کمپنی کی تنصیب کو نقصان پہنچا، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے دی گارڈین کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔روسی وزارت دفاع نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ روسی افواج نے کیف کے جنوب مغربی علاقے میں ڈرونز کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کی ایک جگہ کو نشانہ بنایا، جہاں مبینہ طور پر ہر ماہ ایک ہزار تک ڈرون تیار کیے جاتے تھے۔ تاہم روسی وزارت دفاع نے اس مقام یا کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا۔

دی گارڈین کے مطابق اگر یہ رپورٹ درست ثابت ہوتی ہے تو یہ پہلا معلوم واقعہ ہو سکتا ہے جس میں روسی افواج نے یوکرین میں موجود کسی امریکی کمپنی کی ملکیتی تنصیب کو براہِ راست نشانہ بنایا ہو۔تجزیہ کاروں کے مطابق یوکرین جنگ میں ڈرون ٹیکنالوجی کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے، جہاں دونوں ممالک نگرانی، حملوں اور دفاعی مقاصد کے لیے جدید ڈرونز کے استعمال پر زیادہ انحصار کر رہے ہیں۔