راولپنڈی: جڑواں شہروں میں بارش کے نئے سلسلے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح ایک بار پھر بلند ہونا شروع ہوگئی ہے۔
کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11.5 فٹ تک پہنچنے کے بعد انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کردیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ پانی کی سطح 15.7 فٹ تک پہنچنے پر باقاعدہ الرٹ جاری کیا جائے گا، جبکہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔دوسری جانب گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 3.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پانی کی سطح میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔حکام کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا موجودہ سلسلہ صبح 5 بجے شروع ہوا۔ سیدپور میں سب سے زیادہ 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے ایچ ایٹ میں 30 ملی میٹر بارش ہوئی۔نیو کٹاریاں میں 13 ملی میٹر اور شمس آباد میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گولڑہ، پیرودھائی اور بوکرا میں 5، 5 ملی میٹر جبکہ کچہری اور گوالمنڈی میں 4، 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
حکام کے مطابق نالہ لئی کے بیسن میں اوسطاً 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کی سطح اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ کٹاریاں کے مقام پر پری الرٹ بدستور برقرار ہے۔شہریوں کو بھی نشیبی علاقوں اور نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔