آزاد کشمیر میں بارشوں کے تیسرے اسپیل کی 14ویں رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 بچے زخمی ہوئے ہیں۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق یکم جولائی سے اب تک بارشوں کے باعث 58 مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ 154 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 212 مکانات متاثر ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نیلم، مظفرآباد، جہلم ویلی، باغ، سدھنوتی، کوٹلی اور میرپور میں جانی و مالی نقصان ریکارڈ کیا گیا ہے۔ باغ میں 28 مکانات مکمل جبکہ 83 جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ متعدد دکانیں اور مویشی بھی نقصان کا شکار ہوئے۔مظفرآباد میں بارشوں کے باعث 2 افراد جاں بحق، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ نیلم میں ایک مسجد مکمل تباہ، دو اسکول متاثر اور 16 پیدل پل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے، جبکہ مظفرآباد میں دو گاڑیاں اور 40 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئیں۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق تمام مرکزی شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔