ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر بات آگے نہ بڑھائی جائے، شیری رحمٰن

ایڈمنسٹریٹو یونٹس پر بات آگے نہ بڑھائی جائے، شیری رحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ نئے ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے معاملے پر اس وقت مزید بحث نہ ہی کی جائے تو بہتر ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ انہوں نے نئے انتظامی یونٹس سے متعلق کوئی مسودہ نہیں دیکھا، جبکہ ان کی جماعت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کا حل سیاسی انداز میں نکالا جائے اور گورننس کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک میں قرضوں اور حکومتی اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ایڈمنسٹریٹو یونٹس کے معاملے پر اب تک کوئی ٹھوس تجویز سامنے نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی اور سیاسی صورتحال تشویشناک ہے، اس لیے ان کے نزدیک اس وقت نئے انتظامی یونٹس پر بحث مناسب نہیں۔بین الاقوامی امور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ خطے میں جنگ کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے، تاہم پاکستان سمیت مختلف حلقے چاہتے ہیں کہ ثالثی کا عمل آگے بڑھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کی کوششیں بھی تیزی سے جاری ہیں، جبکہ امریکا کی ایران سے متعلق بعض توقعات درست ثابت نہیں ہوئیں۔