خلیجِ بنگال میں بننے والے شدید کم دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) کے اثرات کے باعث مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 2 اگست تک کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شہر کے چند علاقوں میں درمیانی سے شدید موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، حیدرآباد، گھوٹکی، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بارشوں کی توقع ہے۔کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود ہے، کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت مغرب اور جنوب مغرب سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کے خدشے سے بھی آگاہ کیا ہے۔