محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: لاہور میں 9 مارچ سے 13 مارچ تک بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی: لاہور میں 9 مارچ سے 13 مارچ تک بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات نے لاہور میں 9 مارچ سے 13 مارچ کے درمیان بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

 لاہور میں سورج کی تیز کرنوں کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ٹھنڈی ہواؤں کا اثر کم ہوگیا ہے۔ تاہم، آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور بدستور سرفہرست ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 236 ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید مراتب علی روڈ پر 247، کینٹ میں 296، جوہر ٹاؤن میں 212، ڈی ایچ اے میں 191، اور رائیونڈ روڈ پر 253 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہریوں کو فضائی آلودگی کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق، رمضان المبارک کے وسط تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک، جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔